میری دادی اماں

ابو نے اپنی گود میں بیٹھی علیزہ سے پوچھا۔۔۔ بیٹا دادی امی کہاں ہیں۔۔۔ علیزہ کی انگلی دیوار پر لگی میری دادی اماں کی تصویر کی طرف اٹھ گئی۔۔۔ پھر علیزہ نے تصویر کی جانب اپنے دونوں بازو پھلا دئیے۔۔۔ ابو اٹھے اور علیزہ کو دیوار تک لے گئے۔۔۔ علیزہ نے اچک کر تصویر دیوار سے اتاری اور اپنے دونوں ہاتھوں میں تھام کر پہلے اپنے سینے سے لگا لیا اور پھر اپنے ہونٹ دادی کی تصویر پر لگا دیئے، ایسے کہ جیسے اسے چوم رہی ہو۔۔۔

میں بغور ابو اور علیزہ کو دیکھ رہا تھا۔۔۔ یہ ان دونوں کا روز کا معمول ہے۔۔۔ ابو روز علیزہ سے دادی اماں کے بارے میں پوچھتے ہیں اور علیزہ ایسے ہی دادی اماں کو چومتی ہے۔۔۔



دادی اماں کو ہم سے بچھڑے تین سال ہو چکے ہیں۔۔۔ کل یہی کچھ دیکھتے ہوئے بہت کچھ یاد آ گیا۔۔۔ سن 2006 میں، میں پاکستان گیا۔۔۔ دادی اماں کی گود میں سر رکھے میں نے مذاقا ان سے ابو کی شکایت کرتے ہوئے کہا، دادی امی، ابو میری شادی کیوں نہیں کروا رہے۔۔۔ اب اتنا انتظار نہیں ہوتا۔۔۔ دادی اماں نے میرے سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے پنجابی میں کہا۔۔۔ ”میں تیرے پیو نال گل کراں گی۔۔۔"یہ سننا تھا اور میں نے ابو کو فون ملا کر دادی اماں کو پکڑا دیا۔۔۔ دادی اماں ابو سے کہنے لگی۔۔۔ ”وے اقبال۔۔۔ عمران بڑا پریشان پھردا ہے۔۔۔ گل کی اے؟"۔۔۔ ابو نے لاعلمی کا اظہار کیا۔۔۔ تو دادی نے انہیں مصنوعی غصے سے کہا۔۔ ” میں تینوں کہندی پئی آں، میرے منڈے دا ویا جلدی کر دے۔۔ “ میں ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو رہا تھا۔۔۔ ابو نے انہیں جانے کیا کیا کہانیاں سنائیں۔۔۔ لیکن دادی اماں بٖضد تھیں کہ میرے منڈے دی جلد شادی ہونی چائیدی اے۔۔۔

دادی اماں کی وفات سے ایک ہفتہ پہلے، میں نے ان کی صحت کا پوچھنے کے لیے انہیں پاکستان فون کیا۔۔۔ تو طبیعت کافی خراب تھی۔۔۔ کہنے لگیں۔۔۔”پتر۔۔۔ ہون لگدا اے کہ بلاوا آن والا اے۔۔۔ “۔ میں نے کہا کہ ”دادی امی۔۔۔ اللہ آپ کو صحت دے۔۔۔ ابھی تو آپ نے ہمارے بچوں کے ساتھ بھی کھیلنا ہے۔۔۔ “

میرے چھوٹے بھائی کا یہیں دبئی میں رشتہ طے ہوا۔۔۔ ابو نے پاکستان دادی امی کو فون کیا۔۔۔ اور تقریبا ایک گھنٹہ بات ہوئی۔۔۔ دادی اماں نے بھائی کے ساس سسر سے بھی بات کی۔۔۔ سب کو خوب دعائیں دیں۔۔۔

اگلے دن۔۔۔ شام کو چاچو کو فون آیا۔۔۔ کہ دادی امی اللہ کو پیاری ہو گئی ہیں۔۔۔ انہوں نے بتایا کہ صبح سے دادی اماں بہت خوش تھیں۔۔۔ سب رشتے داروں کو خود فون کر کے بتایا کہ میرے چھوٹے منڈے دا وی رشتہ ہو گیا۔۔۔ میں اپنے سارے بچے پگتا لئے۔۔۔ شام کو اچانک طبیعت خراب ہوئی۔۔۔ ہسپتال لے کر جاتے ہوئے رستے میں ہی ان کا انتقال ہو گیا۔۔۔

میری منگنی میری دادی نے خود کروائی تھی۔۔۔ اور میری جانب سے میری منگیتر کو انگوٹھی بھی خود انہوں نے پہنائی تھی۔۔ان کے انتقال کے ایک سال بعد میری شادی ہوئی۔۔۔۔ میرے ابو بہت اداس تھے۔۔۔خوشی کے اس موقع پر دادی ہمارے ساتھ نہیں تھیں۔۔۔

دادی کے ساتھ ابو کا پیار بہت ہی زیادہ تھا۔۔۔ دادی کا ہر حکم مانتے تھے۔۔۔ اور ہر حکم کی تعمیل کے بعد بہت خوش ہوتے تھے۔۔۔ ہمیں جب بھی بات ابو سے منوانی ہوتی تھی۔۔۔ تو دادی اماں سے کہلواتے تھے۔۔۔ اور ابو ان کا حکم ٹال ہی نہیں سکتے تھے۔۔۔

آخری عمر میں دادی اماں کی نظر کافی کمزور ہو گئی تھی۔۔۔ ایک دفعہ میں ان کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا۔۔۔ تو اچانک کہنے لگیں۔۔۔ "پتر تو سگریٹ پینا ایں۔۔۔" میں نے گھبرا کر جھوٹ بول دیا کہ نہیں دادی اماں۔۔۔ میں نے تو کبھی سگریٹ کو ہاتھ بھی نہیں لگایا۔۔۔ ”پتر چوٗھٹ نا بول۔۔۔ تیرے دند پیلے ہوندے جا رے نے۔۔۔"

دادی اماں کے ساتھ میرا بہت کم وقت گزرا۔۔۔ لیکن۔۔۔ ان کا پیار ہمارے لیے بے بہا تھا۔۔۔ میرے ساتھ ان کا بہت مذاق تھا۔۔۔ ہر وقت ان کے ساتھ اٹھکیلیاں کرتا رہتا۔۔۔ اور دادی اماں خوشی خوشی اپنے ہمسایوں کو میرے کارنامے بتاتی۔۔۔ 'اج میرے منڈے نے مینوں اے کیا۔۔۔ اج میرا منڈا اے کردا پیا سی۔۔۔'

کل علیزہ دادی اماں کی تصویر چوم رہی تھی۔۔۔ اور میں یادوں میں گھرا ہوا تھا۔۔۔ میرے منہ سے نکلا۔۔۔ کاش آج دادی امی زندہ ہوتی تو وہ کتنی خوش ہوتیں۔۔۔

اللہ دادی اماں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔۔۔ آمین

16 Comments

  1. اللہ تعالٰی اپ کی دادی اماں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں۔

    عمران بھائی! یہ سب دادی اماں اسقدر پیار کرنے والی ہستیاں کیوں ہوتی ہیں۔؟

    ReplyDelete
  2. اللہ دادی اماں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا فرمائیں آمین۔ عمران بھائی ایسی تحریریں مت لکھا کرو یار دل دھل جاتا ہے۔

    ReplyDelete
  3. اللہ آپ کی دادی ماں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔آمین
    یہ نانیاں دادیاں ایسی ہی پیاری ہوتی ہیں

    ReplyDelete
  4. اللہ تعالیٰ آپکی دادی محترمہ کی مغفرت فرمائیں۔ آمین
    وہ کہتے ہیں نا کہ اصل سے سود بھلا ہوتا ہے۔۔۔ اسلئے تمام دادیوں، نانیوں کو پوتے پوتیاں، نواسے نواسیاں بہت پیارے ہوتے ہیں اور ان کے لاڈ پیار وہ خوب اٹھاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ میری دادی جان کو صحت اور لمبی زندگی عطا فرمائے، ان کے ہونے سے ہی گھر میں ایک عجیب سی تکمیل کا احساس ہونے لگتا ہے۔ الحمدللہ

    ReplyDelete
  5. اللہ آپ کی دادی اماں کو جنت الفردوس میں جگہ عطافرمائے، آمین۔۔۔
    کس قدر پیار کرنے والی ہوتی ہیں یہ نانیاں، دادیاں۔۔۔

    ReplyDelete
  6. aاللہ سُبحانُہُ و تعالٰی مرحومہ کو جنت ميں اعلٰی مقام عطا فرمائے
    ميری دادی جب فوت ہوئيں تو ميں11 سال کا تھا ۔ ميں بھائيوں ميں سب سے بڑا اور 2 بہنوں سے چھوٹا ہوں ۔ ميری والدہ جب فوت ہوئيں تو ميرا بڑا بيٹا 9 سال کا تھا

    ReplyDelete
  7. EMRAAN BETA EK KHAWAHISH APNI MA KI BHI PURI KERO APNI DADI MA K BARY MEIN TO LIKH DIA PNI BETI KI DADI AMMI K BARY MEIN BHI KUCH LIKHO MERI POTI NE BHI APNI DADI KO PADAISH K AGLY DIN HI PAHCHANA SHORO KR DIYA THA

    ReplyDelete
  8. اللہ تعالیٰ دادی اماں کی مغفرت کرئے۔بہت ہی پیار والی ہوتی ہیں یہ دادیاں ،نانیاں ، میری نانی کو جب بھی میرے آنے کا پتہ چلتا تو فورا ہی دیسی گھی فریج سے نکال کر دیتی اور کہتی کہ یہ صرف تیرے لئے ہے۔
    اللہ سارے مسلمانوں کو بخش دے۔

    ReplyDelete
  9. اللہ آپ کی دادی اماں کو جنت نصیب کرے آمین ۔۔۔

    ReplyDelete
  10. محمد سعید پالن پوریJuly 10, 2011 at 6:50 PM

    میں یادوں میں گھرا ہوا تھا۔۔۔ میرے منہ سے نکلا۔۔۔ کاش آج دادی امی زندہ ہوتی تو وہ کتنی خوش ہوتیں۔۔۔

    ادھر آپ ایسا سوچ رہے ہیں اور ادھر جوار رحمت میں آجانے کے بعد دادی امی یہ سوچتی ہونگی کہ میں یہاں کتنے مزے میں ہوں جبکہ میرے بیٹے اور پوتے ادھر دبئی کی گرمی میں ڈوب بھرتے رہتے ہیں کاش وہ بھی جلدی سے میرے پاس آجائیں اور یہاں اللہ کی رحمت کے خزانے لوٹیں

    ReplyDelete
  11. عمران بھائی اب آپ پر لازم ہے کے آپ علیزہ کی دادی کی شان مٰیں لازمی ایک تحریر لکھیں کہ یہ ایک ماں کی خواہش ہے۔

    ReplyDelete
  12. اللہ تعالٰی آپ کی دادی اماں کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں،،،،آمین
    اور عِمران واقعی اب آپ اپنی امّی کے مُتعلِق بھی لِکھیں ہمیں تو اچھا لگے گا ہی آپ کی امّی کو بھی یقینی بہُت اچھا لگے گا یعنی علیزہ کی دادی امّی کو،،،

    ReplyDelete
  13. عمران اقبالJuly 11, 2011 at 5:34 AM

    :biggrin: :biggrin: :biggrin:
    سب دوستوں کی دعاووں اور تحریر کی پسندیدگی کا بہت شکریہ...
    میں اپنی نانی اماں سے تو نہیں ملا... میرے بچپن میں ہی ان کا انتقال ہو گیا تھا... لیکن دادی امی کے پیار اور محبت کی تو کیا ہی باتیں تھیں...جب بھی ان کے پاس جاتا تھا تو امرود کی چاٹ خصوصی طور پر میرے لیے بناتی تھیں... "میرے منڈے نوں میرے ہتھ دی چاٹ پسند اے"...
    ابو کے لیپ ٹاپ پر میرا بلاگ کھلا ہوا تھا اور ابو میری تحریر پڑھ کر کچھ اداس ہو گئے... میری امی نے تبصرہ میری چھوٹی بہن سے لکھوایا... اور پھر مجھے خود بھی کہا... کہ میری علیزہ کی دادی کے بارے میں بھی لکھو... :biggrin:
    اللہ ہم سب کے والدین کو اچھی صحت عطا فرمائے... اور ہم سے بچھڑنے کے بعد ان کے لیے آسانیاں پیدا فرمائے... آمین...

    @ سعد پالن پوری بھائی... آپ تو چھا ہی گئے... واقعی دبئی کی گرمی کا جنت الفردوس کے نظاروں سے کیا مقابلہ... اللہ ہمیں اس قابل بنائے کہ ہم نیک اعمال کر سکیں... اور ہم سب کے لیے قبر میں آسانیاں پیدا کرے.. اور ہم سب کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے... آمین...

    ReplyDelete
  14. میں نے اپنے دادا داسی تو دیکھے ہی نہیں۔ نانی بہت چھوٹا تھا تو انتقال کر گئیں تھیں نانا چھ سال پہلے فوت ہوئے چچا تایا بحی کوئی نہیں صرف ایک پھوپھی کی ڈھیر ساری شفقت ملی۔
    امی جی کا تبصرہ دیکھ کر دل کی عجب ہی کیفیت ہوئی۔
    سوچ رہا ہوں کہ اب عمران کچھ اور کیسے لکھے گا اور امی جی کے بارے میں لکھتے تو ایک بلاگ (پوسٹ نہیں یہ پورا بلاگ) کم پڑ جائے گا تمھیں

    ReplyDelete
  15. عمران اقبالJuly 12, 2011 at 3:03 PM

    امتیاز بھائی۔۔۔ واقعی درست کہا آپ نے۔۔۔ اپنی والدہ کے بارے میں لکھنے کے لیے تو میرے پاس الفاظ بھی نہیں ہیں۔۔۔ ہر ماں کی طرح میری ماں بھی عظیم ہستی ہیں۔۔۔

    ReplyDelete

اگر آپ کو تحریر پسند آئی تو اپنی رائے ضرور دیجیے۔