ابا جان بڑے سخت ہیں۔۔۔ اور پھربڑے کٹر معلم یعنی استاد بھی ہیں۔۔۔
سکول میں جب ان کا پیریڈ ہماری کلاس میں لگنے کا کوئی چانس ہوتا تھا تو منتیں ماننے والوں میں سب سے پہلے میں ہوتا تھا کہ اللہ میاں سر جی کا پیریڈ ہماری کلاس میں نا لگوانا۔۔۔ پورے دس نفل پڑھوں گا۔۔۔
یہ سن عیسوی 1993 کا زکر ہے ابا جان یعنی سر جی ہمیں میتھ میٹکس پڑھاتے تھے۔۔۔ اب میرے جیسا نکما بچہ جو حساب کتاب اور پھر سر جی کے پڑھانے کے انداز سے زہنی مطابقت ہی نہیں رکھتا تھا، ڈرتا گھبراتا سر جی کی ہاں جی ہاں جی میں سر دائیں سے بائیں گھوماتا رہتا تھا کہ جیسے سب سمجھ آ رہا ہے جی۔۔۔ وہ الگ بات ہے کہ جب سر جی کلاس میں ٹیسٹ لیتے اور میں اعلی اور امتیازی نمبروں سے فیل ہوتا تو جہاں فیل یافتہ طلباء کو دو دو ڈنڈے ہاتھوں پر پڑتے تھے، مجھے ان گنت ڈنڈوں کا سواد ملتا تھا اور اب یہ بتانا مناسب نہیں سمجھتا کہ کہاں کہاں ملتا۔۔۔ بس کچھ محسوس ہی نہیں ہوتا تھا کہ کہیں بیٹھا ہوں یا نہیں۔۔۔
ابا جان بہت نفیس آدمی ہیں۔۔۔ سکول کے تقریبا سارے طلبا ان کے مداح تھے۔۔۔ لیکن میں ہی ایک ایسا جانباز تھا جس نے ان کے “مجھ” پر تشدد کے خلاف بغاوت کا علم اٹھایا اور بھر پور سیاسی انداز میں امی جان سے پرنسپل کو فون کروا دیا۔۔۔ کہ جی “ میں سر جی کی بیگم نہیں بلکہ ان کے ایک شاگرد کی والدہ کے طور پر بات کر رہی ہوں۔۔۔ سر جی نے میرے معصوم بچے پر پھر سے قہر نازل کیا ہے اور معصوم بچہ دن رات درد سے کراہتا رہتا ہے۔۔۔ آپ سر جی کو پابند کریں کہ جتنی سزا باقی بچوں کو ملتی ہے اتنی ہے میرے معصوم بچے کو دیا کریں۔۔۔ نا کم نا زیادہ”۔۔۔ پرنسپل صاحب نے امی جان کو یقین دہانی کروائی کہ سر جی کو قانون کی پاسداری پر پابند کر دیں گے۔۔۔ میں اپنی اس کامیابی پر پھولے نہیں سما رہا تھا۔۔۔ آج پہلی دفعہ محسوس ہوا کہ آج سر جی میرا بال بھی بیکا نہیں کر سکیں گے۔۔۔ خیر۔۔۔ سر جی کا ٹیسٹ اور پھر سزا کا مرحلہ بڑی آسانی سے گزر گیا اور امی کی سفارش رنگ لائی۔۔۔ میں حسب معمول فیل ہو گیا لیکن خلاف توقع مجھے وہ دو ڈنڈے بھی نہیں پڑے ۔۔۔ میں حیران تھا کہ سر جی کے دل میں اتنی پدرانہ شفقت کیسے امڈ آئئ۔۔۔
لیکن پھر اچانک دل میں ایک ہوک سی اٹھی۔۔۔ چھٹی حس مشکل وقت کے آمد آمد کی نوید سنا رہی تھی۔۔۔ لیکن یہ مشکل وقت ہو گا کیا کیسا۔۔۔ سر جی کی مار سے تو چھٹکارا مل گیا تھا۔۔۔ اب اس سے زیادہ مشکل وقت اور کیسا ہو سکتا ہے۔۔۔
تھکا ہارا سکول سے گھر پہنچا۔۔۔ اور امی کی مدد کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔۔۔ اماں خاموش کھڑی دروازے کو تک رہی تھیں۔۔۔ ابا جی بھی سکول سے تشریف لا چکے تھے۔۔۔ نہایت شفقت سے مجھے مخاطب ہوئے۔۔۔ کہ “بیٹا، ہر بار کلاس ٹیسٹ میں فیل ہوتے ہو۔۔۔ میری ناک کیوں کٹواتے ہو۔۔۔ آج سے شام کو تم مجھ سے پڑھا کرو گے۔۔۔” میں نے مجبورا اثبات میں سر ہلا دیا۔۔۔ لیکن ان کی بات ابھی ختم نہیں ہوئی تھی۔۔۔ کہنے لگے۔۔۔ “سکول میں تو تمہاری والدہ کی سفارش نے تمہیں بچا لیا۔۔۔ لیکن گھر میں تو کوئی پرنسپل صاحب نہیں ہیں۔۔۔”
اب آپ سمجھ سکتے ہیں کہ سواد مجھے اس دن بھی ملا۔۔۔ بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ جگہوں پر ملا۔۔۔
نوٹ: مجھے خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بہت عرصے بعد ایک ہندی فلم “تارے زمن پر” بھی بنا ئی گئی ہے۔۔۔
5 Comments
ہمارا ایک کلاس فیلو تھا، ماشاءاللہ آپ سے بھی زیادہ 'ذہین'
ReplyDeleteاس کے ابا ہمیں انگلش پڑھاتے تھے
سب کو اگر دو ڈنڈے پڑتے تھے
تو اس غریب کو چھ۔۔
:) :) :)
ReplyDeleteذاتی طور پہ تعلیم یا کسی بھی طور کسی کام میں کسی کو کچھ سکھانے کے لئیے مارپیٹ یا ذہنی در خوف اور تشدد کا قائل نہیں۔ کہ اس سے ذہن کند ہو جاتے ہیں۔
ReplyDeleteمگر ایک بات میں شک نہیں کیا جاسکتا کہ آپ کے ابا جان اپنے حاسب میں آپ کی بہتری کے لئیے کوشش کرتے تھے۔ ورنہ انہیں کیا پڑی تھی کہ آپ پہ اسقدر "محنت" کرتے۔
[...] ابا جان عرف سر جی [...]
ReplyDeleteماشا الله ، بہت خوب ....
ReplyDeleteاس میں تو کوئی شک نہیں کہ سر جی نہ صرف بہت اچھے معلم بلکہ اتنے ہی اچھے والد بھی ہیں. آپ کے ساتھ ان کا سلوک تو "آپ کی حرکتوں" کی وجہ سے تھا. ورنہ اس دنیا میں بہت سے ایسے لوگ(با شمول ہمارے) موجود ہیں جن کے ساتھ "سر جی " کا سلوک نہایت مشفقانہ اور پیار سے بھرپور ہے.
اگر آپ کو تحریر پسند آئی تو اپنی رائے ضرور دیجیے۔